ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : آئندہ سال اپریل مئی میں متوقع اسمبلی انتخابات - ٹکٹ بکنگ  کے لئے امیدواروں کی لگی قطار  

کاروار : آئندہ سال اپریل مئی میں متوقع اسمبلی انتخابات - ٹکٹ بکنگ  کے لئے امیدواروں کی لگی قطار  

Thu, 28 Apr 2022 13:24:14    S.O. News Service

کاروار ، 28؍اپریل (ایس او نیوز) ریاستی اسمبلی انتخابات کو کم از کم ایک سال کا عرصہ باقی ہے ، لیکن پارٹیوں کے ٹکٹ کاونٹر پر ابھی سے  بکنگ  کے لئے امیدواروں کی قطاریں لگنا شروع ہوگئی ہیں ۔  موجودہ اراکین اسمبلی کو یہ فکر لاحق ہوگئی ہے کہ امسال بارش کا موسم ختم ہوتے ہی الیکشن کی تیاریوں کا موسم شروع ہوگا جبکہ سابق اراکین اسمبلی اس انتظار میں ہیں کہ الیکشن قریب آجائے تو ان کے لئے ٹکٹ پانے  کے لئے کوشش کرنے کا موقع ہاتھ آجائے گا ۔ اس سے پہلے الیکشن سے  تین چار مہینے قبل خواہشمند امیدوار اپنے لئے پارٹی ٹکٹ کی کوششیں شروع کیا کرتے تھے ۔ مگر اب سال ڈیڑھ سال پہلے اپنے لئے ٹکٹ بک کرنے کی جدوجہد شروع کی جارہی ہے ۔ اور پارٹی کے اعلیٰ قائدین کےسامنے اپنے لئے لابی تیار کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کے سامنے ہاتھ جوڑ کر ووٹ طلب کرنے کے اشارے دینے کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے ۔

بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر کا کہنا ہے کہ خواہ مخواہ کے تنازعات کھڑے کرنے اور پارٹی کے لئے مسائل کا سبب بننے والوں کو 2023 کے اسمبلی انتخابات سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اسی  طرح عوامی زندگی میں تنازعات میں گھرے ہوئے موجودہ اراکین اسمبلی کو آئندہ درپیش انتخاب میں ٹکٹ نہ دینے کے پورے امکانات ہیں ۔ 

ادھر ہبلی میں بی جے پی ریاستی صدر نلین کمار کٹیل نے موجودہ اراکین سے کہا ہے کہ وہ اس امید میں نہ رہیں کہ آئندہ انتخابات میں  ٹکٹ کو انہیں ملے گا ۔ اس سے موجودہ اراکین کے دل و دماغ میں بھونچال آنا اور ان کی تشویش بڑھنا فطری بات ہے ۔ بی جے پی نے جیتنے والے امیدوار کو ہی تلاش کرکے میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسی طرح کانگریس بھی یہی پالیسی پر عمل کر سکتی ہے ۔ اب صرف چہرہ دیکھ کر ٹکٹ دینے کا طریقہ تبدیل ہونے والا ہے ۔ اس سے دونوں پارٹیوں کے متوقع امیدواروں کے اندر اضطراب اور بے چینی کی لہر دوڑنا لازمی ہے ۔ اس لئے اب موجودہ اراکین اسمبلی کے علاوہ امیدواری کے خواہشمند سیاسی لیڈران اب اپنے اپنے حلقہ کے عوام کے پاس جانے اور ان کی خدمت کے لئے ہمیشہ تیار رہنے کے اشارے دینے لگے ہیں ۔ سڑکوں کی مرمت ، اسٹریٹ لائٹس ، نئے راستوں کی تعمیر ، پُلوں اور نالیوں کی تعمیر و مرمت کے کام بڑی تیزی سے پورے کرنے کے علاوہ  تہواروں میں شرکت ، اسورٹس ٹورنامنٹس کے لئے عطیہ جات کی فراہمی جیسی سرگرمیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ اس سے لگتا ہے کہ الیکشن کا ماحول سے ابھی سے تیار کیا جارہا ہے تاکہ اعلیٰ لیڈران متاثر ہوں اور ٹکٹ حاصل کرنے میں آسانی ہوجائے ۔


Share: